بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || سپاہ نیوز کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے ایک پیغام میں یمنی افواج کے مرکزی ہیڈکوارٹر کے سربراہ جنرل محمد عبدالکریم الغماری کی شہادت پر تہنیت و تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی مقاومتی محاذ اور آزآدیِ قدس کے شہداء کے بلند مقاصد سے تجدید عہد کرتے ہوئے، عالمی استکبار اور بین الاقوامی صہیونیت کے مقابلے میں یمنی مسلح افواج کے ساتھ ایمانی اور اسٹراٹیجک تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے اپنی مکمل تیاری کا اعلان کرتی ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف بریگیڈیئر جنرل پاسدار محمد پاکپور کے پیغام کا متن درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
یمن کی مسلح افواج کے مرکزی ہیڈ کوارٹر کے محترم سربراہ،
برادر عزیز بریگیڈيئر جنرل یوسف حسن المدانی
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
میں دہشت گرد اور منحوس صہیونی ریاست کے مجرمانہ حملے میں شہید ہونے والے اسلام کے عظیم کمانڈر اور یمنی افواج کی مسلح افواج کے سابق چیف آف جنرل اسٹاف "میجر جنرل محمد عبدالکریم الغماری" اور ان کے وفادار ساتھیوں کی عزتمندانہ شہادت پر یمن کی ثابت قدم قوم، شہداء کے معزز خاندانوں، یمن کی مسلح افواج اور قابل فخر اسلامی محاذ مقاومت کو تہنیت و تعزیت پیش کرتا ہوں۔
یمن کی عظمت و عزت اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے ان کا ہمیشہ زندہ جاوید رہنے والا تاریخی جہاد، اور صہیونی دشمن کے جرائم کا کامیاب مقابلہ، یمنی مجاہدوں کی تاریخ میں ایک یادگار کارنامہ رقم کر دیا۔ بے شک ان کی تدبیر اور مقدس جہاد کی برکتیں ہمیشہ ہمیشہ کے لئے باقی رہیں گی۔
جیسا کہ آپ نے اپنے پہلے بیان میں بصیرت اور استحکام کے ساتھ فرمایا: یہ شہادتیں ـ امت مسلمہ کے حلفیہ دشمنوں سے نمٹنے اور ظلم کے خلاف جدوجہد کرنے والے حق پرستوں ـ بالخصوص فلسطین اور مظلوم غزہ کے عوام کی راہ میں جدوجہد اور دفاع کے میدانوں کے بہادر سورماؤں ـ اور سربلند یمنی قوم کے عزم کو مزید پختہ اور مستحکم کرتی ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی مقاومتی محاذ اور آزآدیِ قدس کے شہداء کے بلند مقاصد سے تجدید عہد کرتے ہوئے، عالمی استکبار اور بین الاقوامی صہیونیت کے مقابلے میں یمنی مسلح افواج کے ساتھ ایمانی اور اسٹراٹیجک تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے اپنی مکمل تیاری کا اعلان کرتی ہے۔
اِسی سلسلے میں، نہایت فخر اور احترام کے ساتھ، یمن کی مسلح افواج کے مرکزی ہیڈ کوارٹر کی سربراہی کے لئے آپ کی شاندار تقرری پر دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ آپ خود ایک ممتاز کمانڈر اور اسلامی مقاومت کے عظیم مجاہد اور یمن کی تاریخ ساز شخصیت ہیں، چنانچہ آپ کی تقرری شہید الغماری کے باعزت مشن کے تسلسل اور امت مسلمہ کے دشمنوں کے خلاف محاذ مقاومت کی طاقت اور مضبوطی مضبوط کرنے کی نوید دیتی ہے۔
میں اللہ تعالیٰ سے آپ کے لئے اس اہم محاذ پر روز افزوں کامیابی، عزت، صحت اور فتح کی دعا کرتا ہوں۔
کمانڈر انچیف، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی
بریگیڈیئر جنرل محمد پاکپور
آپ کا تبصرہ